سری نگر، 7 اگست (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق رہنما منوج سنہا نے جمعے کے روز یہاں راج بھون میں جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے دوسرے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ انہیں جموں و کشمیر ہائی کورٹ کی خاتون چیف جسٹس جسٹس گیتا متل نے حلف دلایا۔ مسٹر سنہا نے انگریزی زبان میں حلف لیا۔
راج بھون سری نگر کے خوبصورت لانز میں منعقد ہونے والی تقریب حلف برداری میں سول، پولیس اور فوج کے کچھ سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ تاہم کورونا وائرس کے پھیلاو کے پیش نظر حلف برداری کی یہ تقریب سادگی سے ہی منعقد کی گئی۔ اس میں بعض چنندہ میڈیا اداروں سے وابستہ صحافیوں کو ہی مدعو کیا گیا تھا۔
اس موقع پر راج بھون کے اندر و باہر اور اس کی طرف جانے والی سڑکوں پر سیکورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے تھے۔
واضح رہے کہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کوند نے اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے بی جے پی رہنما و سابق مرکزی وزیر منوج سنہا کو جمرات کے روز اس یونین ٹریٹری کا نیا سربراہ مقرر کیا۔
قبل ازیں صدر جمہوریہ نے جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے پہلے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کا استعفیٰ منظور کیا جس کے بعد انہیں کامپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (سی اے جی) تعینات کیا گیا۔منوج سنہا کی لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے تقرری کے بعد انہوں نے بی جے پی کی بنیادی رکنیت سے استعفی دیا جس کی تصدیق پارٹی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے کی ہے۔