بولی وڈ پرفیکشنسٹ عامر خان کی اپنی فلموں کے سیکوئل بہت ہی کم بناتے ہیں،تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی ماضی کی مقبول فلموں کے سیکوئل بنانے کی چہ مگوئیاں جاری ہیں۔
جہاں عامر خان کے مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ ڈانس فلم ‘دل’ کے سیکوئل بنانے کی خبریں تھیں وہیں ان کی بلاک بسٹر فلم ‘تھری ایڈیٹس‘ کے سیکوئل بنانے کی چہ مگوئیاں بھی تھیں۔
ساتھ ہی ان کی ایک اور مقبول فلم ‘پی کے’ کا سیکوئل بنانے کی بھی خبریں سامنے آئیں۔
یہ بھی اطلاعات تھیں کہ عامر خان کی ماضی کی کامیاب فلم ‘سرفروش‘ کا سیکوئل بھی بنانے کی تیاریاں جاری ہیں اور عامر خان نے تو سیکوئل میں بھی کام کرنے کی خواہش کا اظٖہار کیا تھا۔
اکتوبر 2017 میں ہی عامر خان نے کہا تھا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ ‘سروفروش’ کے سیکوئل میں پولیس آفیسر اے سی پی راٹھوڑ کا کردار ادا کریں گے۔
تاہم اب اس حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ بولی وڈ ایکشن ہیرو جوہن ابراہم نے عامر خان کا ‘سرفروش’ کے سیکوئل سے پتہ کاٹ دیا۔
دکن کیرونیکل کی رپورٹ کے مطابق جوہن ابراہم نے بھارتی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ اور فلم ساز میتھیو متھن 1999 کی مقبول فلم ‘سرفروش’ کے سیکوئل پر کام کر رہے ہیں۔