جےپور،4ستمبر(یواین آئی)راجستھان میں انسداد بدعوانی بیورونےمحکمہ کان کنی کے جوائنٹ سکریٹری بنشی دھر کماوت کو چار لاکھ روپے کی رشوت لینے کے الزام میں آج صبح گرفتار کرلیا۔
بیورو کے سرکاری ذرائع کے مطابق ایک کان مالک سے آٹھ کروڑ روپےسے زیادہ کے جرمانے کو کم کرنے کے عوض میں رشوت لینے کے الزام میں مسٹر کماوت کو صبح جیونگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر گرفتار کیاگیا۔اس معاملے میں دو دلال اوم سنگھ اور وکاس ڈانگی کو بھی گرفتار کیاگیا ہے۔
بیورو ہیڈکوارٹر نے بیورو کے اڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ راج مینا کی قیادت میں اس کارروائی کو انجام دیا اور موقع سے چار لاکھ روپے اور کئی فائلیں اور دستاویز بھی برآمد کئے۔دستاویزوں کی جانچ کی جارہی ہے۔
محکمہ کان کنی نے کان مالک پر تقریباً 8.50کروڑ روپے کا جرمانہ لگایا تھا۔اس نے محکمے سے جرمانے کی رقم کو کم کرنے کی گزارش کی تھی۔اس پر اس کےلئے دلال وکاس ڈانگی کو عرضی گزار سے سات لاکھ روپے لےکر اس میں دو لاکھ روپے اپنے پاس رکھ لئے اور پانچ لاکھ روپے دوسرے دلال اوم سنگھ کو دےدئے۔اوم سنگھ نے ان پیسوں میں سے ایک لاکھ روپے رکھ لئے اور چار لاکھ روے مسٹر کماوت کو دئے۔اس پر بیورو نے تینوں کو گرفتار کرلیا۔معاملے میں تلاشی اور جانچ جاری ہے۔