ہیونس آئرس : ہیومن رائٹس واچ نے یمن میں انسانیت کے خلاف مبینہ جرائم اور سعودی صحافی فی جمال خشوگی قتل کیس کے تناظر میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے ۔ ان معاملات پر ریاض شدید دباؤ کا شکار ہوگیا ہے ۔ ہیومن رائٹس نے ارجنٹائن پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے آئین میں جنگی جرائم کی شقوں کو استعمال کرتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف کارروائی کرے ۔
ارجنٹائن کا آئین ملکی سپریم کورٹ کو دنیا بھر میں ہونے والے جنگی جرائم اور تشدد پر قانونی کارروائی کرنے کا اختیار دیتا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ارجنٹائن کی عدلیہ ایسے جرائم کے ملزمان کے خلاف کارروائی کرسکتی ہے ، چاہے یہ جرائم دنیا کے کسی بھی خطہ میں رونما ہوں ۔ ہیومن رائٹس واچ نے کہا کہ ارجنٹائن کے وفاقی جج ایریل لیخو کو یہ درخواست جمع کروادی گئی ۔تاہم ارجنٹائن کے حکام نے اس بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے ۔