بھوپال؛ سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ مدھیہ پردیش کے 18 ویں چیف منسٹر کی حیثیت سے 17 ڈسمبر کو حلف لیں گے ۔ گورنر آنندی بین پٹیل نے 72 سالہ کم ناتھ کو ریاست میںنئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے ۔ کمل ناتھ نے قبل ازیں راج بھون میں گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے تشکیل حکومت کا دعوی پیش کیا تھا ۔
ملاقات کے بعد کمل ناتھ کو مکتوب جاری کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ وہ انہیں واحد بڑی جماعت کے لیڈر کی حیثیت سے مدھیہ پردیش کا چیف منسٹر مقرر کرتی ہیں اور انہیں کابینہ تشکیل دینے کی دعوت دیتی ہیں۔ ملاقات کے بعدراج بھون کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمل ناتھ نے کہا کہ 17 ڈسمبر کو 1.30 بجے دن لال پریڈ گراونڈ بھوپال پر ان کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوگی ۔
کمل ناتھ اس سے قبل مرکزی وزارت میں کئی قلمدانوں کی ذمہ داری سنبھال چکے ہیں اور وہ ریاست کے 18 ویں چیف منسٹر ہونگے ۔ وہ چھند واڑہ حلقہ سے نو مرتبہ لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے ۔ انہیں کل کانگریس مقننہ پارٹی کا لیڈر منتخب کرلیا گیا تھا ۔ اس کے بعد مسٹر کمل ناتھ نے کل سینئر قائدین کے ساتھ گورنر سے ملاقات بھی کی تھی ۔