سیکیورٹی فورسز نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج(پی ایس ای) کی عمارت پر حملہ کرنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔اسٹاک ایکسچینج میں صبح کاروبار کے آغاز کے وقت بڑی تعدد میں لوگوں کی آمد و رفت جاری تھی جب دہشت گردوں نے حملہ کیا گیا۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق صبح 9 بجے 4 دہشت گردوں نے عمارت میں داخل ہو کر فائر کھول دیے اور داخلی دروازے پر دستی بم حملہ بھی کیا گیا، واقعے کے نتیجے میں کم از کم 2 شہریوں کے جاں بحق جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے بتایا کہ سول ہسپتال میں 5 لاشیں اور 7 زخمی افراد کو لایا گیا جس میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ادھر فیصل ایدھی نے ڈان سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔حملے کے حوالے سے جاری ایک بیان میں سندھ رینجرز نے بتایا کہ حملے میں ملوث تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا اور اب کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب فائرنگ اور دستی بم حملے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر ڈی آئی جی ساؤتھ سے تمام تر ضروری پولیس اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرل۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی جبکہ فیصل ایدھی نے خود پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے اور دیگر کارروائیوں میں حصہ لیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر قرار احمد عباسی نے بتایا کہ طبی امداد کے لیے 5 سے 6 افراد کو سول ہسپتال کراچی پہنچایا گیا۔
ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد علاقے کو خالی کر وا کر آمد و رفت منقطع کردی گئی ہے۔گورنر سندھ کا نوٹس
گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد دہشت گردی کے خلاف ہماری مستقل جنگ کو نقصان پہنچانا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں گورنر سندھ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولس اور سیکیورٹی ایجنسیز کو مجرموں کو زندہ پکڑنے اور ان کے ہینڈلرز کو عبرتناک سزائیں یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر صوبہ سندھ کا تحفظ کریں گے۔
ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا کہ یہ حملہ دنیا میں پاکستان کے ابھرتے امیج اور معیشت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش تھی۔
انہوں نے کہ رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کی اور صورتحال پر قابو پالیا۔
عمران اسمٰعیل نے کہا کہ ہم نے دہشت گردوں کو بری طرح پسپا کیا ہے ۔