کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر کے بلاک ون میں نابینا مؤذن سے ملزم موبائل فون دھوکے سے لے جانے والے چور نے موبائل واپس کر دیا۔چور نے بائیک رائیڈر کے ذریعے موبائل فون واپس بھجوا دیا ہے۔
اس حوالے سے بائیک رائڈر نے کہا ہے کہ گلشن اقبال سے رات گئے حسن لیاقت نامی شخص نے رائڈ بک کرائی تھی، رائڈ بک کرانے والے شخص نے مؤذن امجد کو موبائل فون دینے کا کہا۔
بائیک رائڈر کا کہنا ہے کہ مجھے حیرت ہوئی کہ اتنا مہنگا موبائل کیسے بائیک رائڈر کے حوالے کر رہا ہے، جب موبائل فون مؤذن کے حوالے کیا تو واقعے کا علم ہوا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر کے بلاک ون میں نابینا مؤذن سے ملزم موبائل فون دھوکے سے لے کر فرار ہو گیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی۔
متاثرہ مؤذن نے واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا تھا کہ 2 روز قبل عصر کے وقت ایک شخص میرے پاس آیا، مجھے اس شخص نے کہا کہ اپنا موبائل فون دو میں آپ کی نعت ریکارڈ کروں گا۔
متاثرہ مؤذن نے بتایا کہ مذکورہ نامعلوم شخص میرا 1 لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون لے کر فرار ہو گیا۔