سری نگر، 29 اکتوبر (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے وادی کشمیر میں چھاپوں کا سلسلہ مسلسل دوسرے دن بھی جاری رکھتے ہوئے جمعرات کی صبح نو الگ الگ مقامات پر چھاپے مارے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے نے پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کے ہمراہ جمعرات کی صبح سری نگر کے باغ مہتاب اور نوگام علاقوں میں چھاپے ڈالے۔
انہوں نے بتایا کہ این آئی اے نے کشمیر میں چار غیر سرکاری تنظمیوں فلاح عام ٹرسٹ، جموں و کشمیر یتیم فاؤنڈیشن، جموں و کشمیر سالویشن مومنٹ اور جموں و کشمیر وائس آف وکٹمز کے دفاتر پر چھاپے مارے۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک چھاپوں کا سلسلہ جاری تھا۔
بتادیں کہ این آئی اے نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے وہ بعض غیر سرکاری تنظیموں اور ٹرسٹس کے خلاف ملک و بیرون ملک خیرات کے نام چندہ جمع کر کے اس کو علاحدگی پسند سرگرمیوں پر صرف کرنے کے بارے میں درج ہونے والے ایک مقدمے کے سلسلے میں تحقیق کر رہی ہے۔
این آئی اے نے کشمیر میں بدھ کے روز معروف انسانی حقوق کارکنان خرم پرویز اور پروینہ آہنگر کی رہائش گاہوں اور انگریزی روزنامے ‘گریٹر کشمیر’ کے دفتر کے علاوہ کئی مقامات پر چھاپے ڈالے۔
مذکورہ ایجنسی نے کہا کہ انہوں نے چھاپوں کے دوران کچھ مشکوک دستاویز اور الیکٹرانک آلات بھی ضبط کئے۔