نئی دہلی،24اکتوبر(یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جےپی) کے بہار اسمبلی الیکشن کےلئے سنکلپ پتر میں ریاست کےلوگوںک و کورونا ویکسن مفت مہیا کرانے کے وعدے پر دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ہفتے کو بی جےپی کو گھیرا اور کہا کہ اس پر سبھی کا حق ہے اور یہ پورے ملک میں فری ملنی چاہئے۔
شمال مشرقی دہلی کے شاستری پارک کے نزدیک سیلم پور فلائی اوور کو عوام مختص کرنے آئے مسٹر کیجریوال نے کہاکہ کورونا ویکسن بہار میں ہی کیوں، پورے ملک کو مفت میں مہیا ہونی چاہئے۔ ملک میں سبھی لوگ کورونا سے پریشان ہیں ۔یہ پورے ملک کا حق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب عالمی وبا کووڈ 19 کی ویکسن آئے گی تو دیکھتے ہیں کہ کتنے کی اور کیسی ہے۔
مسٹر کیجریوال نے بی جےپی کے اس وعدے پر سوال کیا اور کہا کہ غیر بی جےپی حکومت والی ریاستوں کا کیا ہوگا؟ جنہوں نے بی جے پی کو ووٹ نہیں دیا انہیں یہ ٹیکا مفت میں نہیں دیا جائےگا؟
انہوں نے کہا کہ اس فلائی اوور کی اندازاً لاگت 303 کروڑ روپے تھی جبکہ یہ 250 کروڑ روپے میں بن کر تیار ہوا ہے۔ دہلی کی ایماندار حکومت نے دارالحکومت کے عوام کے 53کروڑ روپے بچائے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے جمعرات کو بہار اسمبلی انتخابات کےلئے پارٹی کا سنکلپ پتر(انتخابی منشور) جاری کیا تھا جس میں یہ وعدہ کیاگیا ہے کہ حکومت بننے پر ریاست میں کورونا ویکسن سبھی کو مفت مہیا کرائی جائےگی۔
بہار اسمبلی کا الیکشن بی جےپی قومی جمہوریہ اتحاد(این ڈی اے) کے اتحادی کے طورپر وزیراعلی نتیش کمار کی قیادت میں لڑرہی ہے۔
اس سے پہلے بی جےپی کے کورونا ویکسن کے وعدے پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بھی ٹویٹ کرکے نشانہ لگاتے ہوئے کہا تھا۔’’ ہندوستانی حکومت نے کووڈ تقسیم کا اعلان کردیا ہے۔ یہ جاننے کے لئے ویکسن اور جھوٹے وعدے آپ کو کب ملیں گے،مہربانی کرکے اپنی ریاست کے چناؤ کی تاریخ دیکھیں۔‘‘