نئی دہلی،31 دسمبر(یواین آئی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے پرالی کو گلانے کےلئے پوسا انسٹی ٹیوٹ میں تیار بائو ڈی کمپوزڈ گھول میں کروڑوں روپے کا گھپلہ کیا ہے اور اس پورے معاملے میں مرکزی جانچ بیورو – سی بی آئی سے جانچ ہونی چاہئے
کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے جمعرات کو یہاں ریاستی کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ مسٹر کیجریوال نے دہلی میں آلودگی کےلئے کسانوں کو ذمہ دار ٹھہرایا اور پھر پوسا تنظیم میں تیار بائیو ڈی کمپوزڈ گھول کو ایک انقلابی پہل بتاتے ہوئے کسانوں سے پرالی کو گلانے کےلئے اس گھول کا استعمال کرنے کو کہا۔ اس بارے میں بڑے بڑے اشتہار دئے گئے اور پرالی گھول میں گھپلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس گھول کےلئے خریدے گئےکیپسول کی تشہیر پر کیجریوال حکومت نے دس کروڑ روپے کے اشتہار دئے اور اس گھول کو انقلابی پہل بتاتے ہوئے اپنی تشہیر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کیپسول تیار کیا گیا ہے،اس کو تیار کرنے میں کل خرچ 23 لاکھ 60 ہزار روپے کا آیا ہے جبکہ اس اشتہار پر دس کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔