نئی دہلی ۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج کہا کہ ’’وزیراعظم نریندر مودی مجھے ہلاک بھی کرواسکتے ہیں‘‘۔ کجریوال نے مودی پر ایک انتہائی سخت تنقیدی حملہ کرتے ہوئے حیرت کے ساتھ دریافت کیا کہ آیا یہ ملک ان (مودی) کے ہاتھوں محفوظ رہ سکتا ہے۔ کجریوال نے گذشتہ دیڑھ سال کے دوران عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کی سلسلہ وار گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے خلاف ان کارروائیوں کے پیچھے مودی کو اصل سازشی سرغنہ قرار دیا اور کہا کہ وہ (مودی) اس پارٹی (عآپ) کو ختم کرنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔
کجریوال نے موجودہ صورتحال کو انتہائی نازک اور سنگین قرار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے کارکنوں، ارکان اسمبلی اور دہلی حکومت کے وزراء کو خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں یہ صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے اور ایسے قائدین اور کارکنوں کو پارٹی چھوڑ دینے کی ہدایت کی جو صورتحال کا سامنا کرنے کی خاطرخواہ طاقت نہیں رکھتے۔ کجریوال نے کہا کہ ’’میں اپنی پارٹی کے تمام کارکنوں، ارکان اسمبلی اور وزراء سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ (مودی) مجھے ہلاک بھی کرواسکتے ہیں۔ آپ (عآپ قائدین) اپنے ارکان خاندان سے بات کریں اور اس بات پر غور کریں کہ آیا وہ قطعی آخری و بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔
(عآپ کے) تمام ارکان اسمبلی کو بالآخر جیل جانا پڑ سکتا ہے۔ اگر آپ اس کیلئے تیار ہیں تو ہمارے ساتھ رہیں۔ اگر کمزور ہیں تو یہاں سے چلے جائیے‘‘۔ کجریوال نے تقریباً 10 منٹ طویل آن لائن ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’مودی اپنے تمام ہوش و حواس کھوچکے ہیں اور عام آدمی پارٹی کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں‘‘۔