نئی دہلی، 17 ستمبر (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کی سینئر خاتون لیڈر آتشی کو عام آدمی پارٹی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں مقننہ پارٹی لیڈر کے طور پر منتخب کرلیا گیا ہے اور وہ دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گی۔
دہلی کابینہ کے وزیر گوپال رائے نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ محترمہ آتشی کو یہ ذمہ داری متفقہ طور پر دی گئی ہے۔ یہ ذمہ داری انہیں مشکل حالات میں سونپی گئی ہے۔ بی جے پی کی مرکزی حکومت نے جس طرح سے عام آدمی پارٹی کو تباہ کرنے اور سرکاری ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے دہلی حکومت کو توڑنے کی مہم شروع کی تھی اس کو ناکام بنانے کے لیے عآپ نے اپنے اراکین اسمبلی کی یکجہتی کے ساتھ حکومت کا کام جاری رکھا تھا۔
بی جے پی چاہتی تھی کہ مسٹر کیجریوال استعفیٰ دیں لیکن انہوں نے عوام کے مفاد میں جیل کے اندر سے حکومت چلائی، جیل سے باہر آنے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ عوام کی عدالت میں جائیں گے اور انہیں چیف منسٹر کے عہدے کے لیے دوبارہ منتخب ہونے تک وزیر اعلی کی کرسی پر نہیں بیٹھیں گے۔
عام آدمی پارٹی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں اتفاق رائے سے محترمہ آتشی کے نام کو منظوری دی گئی ہے۔ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنے جانشیں کے طور پر آتشی کا نام تجویز کیا جسے متفقہ طور پر قبول کر لیا گیا۔ آج شام اروند کیجریوال لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ محترمہ آتشی کا شمار عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈروں میں ہوتا ہے۔ وہ اروند کیجریوال کے قریبی مانی جاتی ہیں۔ منیش سسودیا کے جیل جانے کے بعد آتشی کو وزارت تعلیم سمیت کئی بڑی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ وہ کالکاجی، دہلی سے ایم ایل اے منتخب ہوئی ہیں۔