امریکی ماڈل کینڈل جینر نے دوسری ماڈلز کو شرم دلانے کے الزامات کے بعد کہا ہے کہ ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔
اس سے قبل ان سے منسوب ایک بیان لو میگزین میں چھپا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بےحد چھان پھٹک کر کسی فیشن شو میں شرکت کا فیصلہ کرتی ہیں۔
اب انھوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ ان کا مقصد دوسری ماڈلز کی ستائش کرنا تھا۔ انھوں نے کہا کہ دوسری ماڈلز نے انھیں متاثر کیا ہے اور وہ ہر کسی کو جیتتے دیکھنا چاہتی ہیں۔
لو میگزین سے بات کرتے ہوئے 22 سالہ ماڈل نے کہا تھا کہ ‘میں ان لڑکیوں کی طرح نہیں ہوں جو ایک سال میں 30 شو کرتی ہیں۔ انھیں مبارک ہو، مگر میں صرف کیٹ واک نہیں کرتی، بلکہ باقی کام بھی کرتی ہوں۔’
انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ ‘ذہنی توازن کھو دینے کے قریب ہیں۔’
تاہم ان کے اس بیان کے بعد فیشن انڈسٹری کی جانب سے تنقید کا طوفان اٹھ کھڑا ہوا۔
برطانوی ماڈل لیومی اینڈرسن نے کہا کہ ‘مجھے صدمہ تو پہنچا تھا لیکن اس رویے سے حیرت نہیں ہوئی۔ ہر کسی کو یہ موقع نہیں ملتا کہ وہ کاسٹنگز مس کر دے، اور پھر بھی اسے دوسروں سے زیادہ پیسے ملیں۔’