نئی دہلی، 21 فروری (یو این آئی) کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے ممتاز قانون دان اور سپریم کورٹ کے مشہور وکیل فالی یس نریمن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ایک عظیم قانون داں سے محروم ہو گیا ہے۔
مسٹرکھڑگے نے کہا، “ممتاز قانون دان، سینئر وکیل اور شہری آزادیوں کے پرجوش حامی فالی ایس نریمن کا انتقال قانونی نظام کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔
اصولوں سے کبھی سمجھوتہ کئے بغیر پوری زندگی وابستگی اور عزم کے ساتھ کام کرتے رہے پدم وبھوشن نریمن کے خاندان کے ارکان اور دوستوں کے تئیں میری گہری تعزیت۔ میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ ان کی روح کو سکون ملے۔”
مسٹر گاندھی نے کہا، “فالی نریمن کے خاندان اور دوستوں کے تئیں میری دلی تعزیت ہے۔ ان کے انتقال سے قانونی برادری میں ایک گہرا خلا پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف بہت سے تاریخی اور اہم مقدمات کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا .
بلکہ ہمارے آئین کے تقدس کو بھی برقرار رکھا اور شہری آزادیوں کو برقرار رکھنے کے لئے قانون دانوں کی نئی نسلوں کو بھی متاثر کیاہے۔ انصاف اورغیرجانبداری کے تئیں ان کا عزم ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتا رہے گا۔”
کانگریس کے ترجمان اور مشہور وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے ان کے انتقال کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے ٹویٹ کیا، “ایک دور ختم ہو گیا ہے۔ فالی نریمن اب ہمارے درمیان نہیں رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔”
قابل ذکر ہے کہ عظیم قانون دان ایس نریمن کا آج یہاں 95 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ وہ کچھ دنوں سے بیمار تھے۔