سعودی عرب میں ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ آج بدھ کی شام سے مملکت میں تمام صارفین آڈیو اور وڈیو کالز کی انٹرنیٹ ایپلی کیشنز کا استعمال کر سکیں گے۔
اتھارٹی نے اپنے اکاؤنٹ پر ایک ٹوئیٹ میں بتایا ہے کہ “صارف کی ضرورت اور عالمی رجحانات کے شانہ بشانہ رہنے کے واسطے ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی انٹرنیٹ کے ذریعے کالنگ ایپلی کیشنوں پر سے پابندی ہٹانے کا اعلان کر رہی ہے”۔
سعودی ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کے سرکاری ترجمان عادل ابو حمید کے مطابق اس سلسلے میں صارفین کی جانب سے استعمال کی جانے والی تمام کالنگ ایپلی کیشنز دستیاب ہوں گی جن میں فیس ٹائم ، اسنیپ شاٹ ، اسکائپ ، لائن ، ٹیلی گرام ، ٹینگو اور واٹس ایپ شامل ہیں۔
ابو حمید نے باور کرایا کہ یہ فیصلہ ٹیلی کمیونی کیشن اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے سیکٹروں میں جدید رجحانات کو مدّ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں مملکت میں ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی تمام صارفین کو اعلی ترین خدمات پیش کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔