نئی دہلی، 31 اگست (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کو ان کی برسی پر قوم کی تعمیر میں ان کے تعاون کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا۔
سابق صدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے، مسٹر کھڑگے نے ان کے ایک ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “ہندوستان کی حقیقی طاقت اس کی جمہوریہ میں ہے – اس کے عزم کی ہمت میں، اس کے آئین کی دور اندیشی میں اور اس کے لوگوں کی حب الوطنی میں ہے۔”
انہوں نے کہا کہ “پانچ دہائیوں سے زیادہ عرصے میں عوامی زندگی اور کانگریس پارٹی میں اپنے ان گنت کرداروں میں، انہوں نے اپنے ہر عہدے پرعلم، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کا منفرد امتزاج پیش کیا جس کی وجہ سے ایسے اہم فیصلے ہوئے جس سے پارلیمانی جمہوریت مضبوط ہوئی۔”
کانگریس پارٹی نے بھی اپنے آفیشل پیج پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ “قوم ایک دور اندیش رہنما اور ہندوستان کے سابق صدر پرنب مکھرجی کو یاد کر رہی ہے۔ اپنی اقتصادی اصلاحات کے لیے مشہورمسٹر مکھرجی نے ملک کی پالیسیوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی دہائیوں کی خدمات اور قوم کے لیے لگن کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مسٹرمکھرجی 11 دسمبر 1935 کو پیدا ہوئے اور 31 اگست 2020 کو آخری سانس لی۔