نئی دہلی، 21 اکتوبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے جموں و کشمیر کے گاندربل میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی ہے اور متاثرین کے خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر کھڑگےنے پیر کو کہا ’’میں جموں و کشمیر کے گاندربل میں بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جس میں کئی مزدور اور ایک ڈاکٹر مارے گئے ہیں۔ ہدف بنا کر تشدد کا یہ غیر انسانی اور قابل نفرت عمل سے ہندوستان جموں و کشمیر میں بنیادی ڈھانچے کے کلیدی پروجیکٹوں کی تعمیر سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
بحیثیت ملک ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ساتھ ہیں۔ متاثرین کے اہل خانہ سے ہماری دلی تعزیت ہے۔ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہیں۔‘‘
مسٹر گاندھی نے کہا ’’گاندربل میں دہشت گردانہ حملے میں ایک ڈاکٹر اور مہاجر مزدوروں سمیت کئی لوگوں کی ہلاکت ایک انتہائی بزدلانہ اور ناقابل معافی جرم ہے۔ میں تمام سوگوار خاندانوں سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی امید کرتا ہوں۔‘‘
انہوں نے کہا ’’دہشت گردوں کی یہ جرات جموں و کشمیر میں تعمیر کے نظام اور لوگوں کے اعتماد کو کبھی نہیں توڑ سکے گی۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پورا ملک متحد ہے۔‘‘
محترمہ گاندھی نے کہا کہ ’’جموں و کشمیر کے گاندربل میں ایک بزدلانہ دہشت گردانہ حملے میں پانچ مزدوروں سمیت چھ شہریوں کی ہلاکت انتہائی قابل مذمت ہے۔ بے گناہ شہریوں کو قتل کرکے عام لوگوں میں تشدد اور دہشت پھیلانے جیسی کارروائیاں انسانیت کے خلاف جرم ہیں۔
اس کے خلاف پورا ملک متحد ہے۔ سوگوار خاندانوں کے ساتھ میری گہری تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش ہے۔‘‘