نئی دہلی، 25 نومبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، سابق صدر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا نے راجستھان کے رائے دہندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور کانگریس کو دوبارہ منتخب کریں۔
مسٹرکھڑگے نے کہا، ’’بچت، راحت، ترقی اور خوابوں کی اونچی اُڑان ، فلاحی اسکیموں سے مستفید ہونے والےبیدار عوام باخوبی واقف ہیں کہ ان کا ایک قیمتی ووٹ ان کی خوشحالی کی گارنٹی ہے۔ عظیم جانبازوں کی سرزمین اور سماجی اتحاد کی علامت راجستھان کے لوگوں سے ووٹ دینے کی درخواست ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کی زندگی کو بہتر بنانے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔”
انہوں نے نوجوانوں سے کہا، “نوجوان ساتھیوں اور پہلی بار ووٹ ڈالنے والے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں ہے۔ سماجی تحفظ کا انتخاب کریں، معاشی طورپر بااختیار بننے کا انتخاب کریں، خوشحالی اور ترقی کی گارنٹی کا انتخاب کریں۔”
مسٹر گاندھی نے کہا، ’’راجستھان منتخب کرے گا مفت علاج، سستے گیس سلنڈر، بلاسود زرعی قرضے، انگریزی تعلیم، ذات پات کی مردم شماری ۔ آج بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔ کانگریس کی حکومت منتخب کریں جو عوام کے لیے فائدہ مند ہو اور گارنٹی والی کانگریس سرکار ۔ کانگریس پھر۔‘‘
محترمہ واڈرا نے کہا، “راجستھان کے میرے پیارے بھائیو اور بہنو۔ آپ کا ہر ووٹ ایک خوبصورت مستقبل کے حقوق کی کانگریس کی گارنٹی ہے۔50 لاکھ روپے تک کا مفت علاج، خواتین مُکھیا 10 ہزار روپے سالانہ، گیس سلنڈر 400 روپے میں، پرانی پنشن کی قانونی گارنٹی ، 10 لاکھ نئی نوکریاں، مکان کا حق، 2 روپے فی کلو کے حساب سے گوبر کی خریداری، کسانوں کو ایم ایس پی، بغیر سود کے 2 لاکھ قرض، کالج کے طالب علموں کو لیپ ٹاپ، پرائیویٹ اسکولوں میں بھی مفت تعلیم، ذات پات کی مردم شماری۔ کام کیا دل سے، پھر سے کانگریس کی سات گارنٹی کی سرکار۔