نئی دہلی۔ دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم نے دلشا د گارڈن سے اغوا کئے گئے نرسری کلاس کے طالب علم ریہانش کو 12 روز کے بعد اغواکاروں کے قبضے سے بحفاظت چھڑانے میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ کرائم برانچ کی ٹیم نے کل دیر رات اغوا بچے کو اترپردیش کے صاحب آباد کے شالیمار سٹی سے آزاد کرایا ۔ اس دوران ملزمان کے ساتھ پولیس کی مڈبھیڑ بھی ہوئی جس میں ایک بدمعاش مارا گیا جس کی شناخت روی کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دوسرا بدمعاش پنکج زخمی ہوا ہے اور اسے جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں تیسرے ملزم نتن کو گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ 25 جنوری کی صبح ریہانش اپنی بہن کے ساتھ اسکول بس سے جارہا تھا کہ اچانک دلشاد گارڈن میں بائیک سوار دو بدمعاشوں نے بس ڈرائیور کے پیر میں گولی مارکر اس کو اغوا کرلیا تھا ۔28 جنوری کو جب اغوا کاروں نے پھیروتی کی رقم کے لئے گھر والوں سے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا تب اس بارے میں پولیس کو اس کا سراغ ملا تھا۔