لکھنؤ(نامہ نگار)راجدھانی لکھنؤ کے بنتھرا تھانہ علاقے کے پرساد اسپتال سے ہفتہ بھر پہلے اغوا کی گئی بچی ممبئی میں برآمد ہوگئی ہے۔ بچی کو اغوا کرنے والے سورج نے اسے لے جاکر وہاں لاوارث حالت میں چھوڑ دیاتھا۔
بعد میں لاوارث گھوم رہی بچی کی معلومات ہونے پر وہاں کی چائلڈ لین نے بچی کا میڈیکل کرانے کے بعد اس کو پناہ دی۔چائلڈ لائن نے بنتھرا تھانے سے رابطہ کرکے اسے بچی کے بارے میں اطلاع دی ہے۔
غور طلب ہے کہ بنتھرا تھانہ علاقہ سے سات سالہ بچی کو دو دسمبر کو پڑوس میں کرایہ پررہنے والا سورج گھر چھوڑنے کے بہانے اغواکر لے گیا ۔ بچی کے والدین بنتھرا کے جوناب گنج واقع پرساد اسپتال میں علاج کے لئے گئے تھے۔ پولیس کی چھان بین میں پتہ چلا تھا۔ ملزم سورج پہلے ممبئی میں کام کرچکاہے۔ وہاں واردات کے بعد ملازمت کے لئے رابطہ کر رہاہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سورج نے بچی کو ممبئی میں لاوارث حالت میں چھوڑ دیاتھا۔ گذشتہ چار دسمبر کو مانخور مشرقی ممبئی ریلوے اسٹیشن کے پا س سائن چلڈرین ہیلپ لائن کو لاوارث ملی اس کے بعد شہریوں کے اطلاع پر چائلڈ ہیلپ لائن کی ٹیم بچی کو اپنے ساتھ لے گئی اور اس کا معائنہ کروایا۔ بنتھرا تھانہ انچارج رمیش سنگھ راوت نے بتایا کہ بدھ کو بنتھرا پولیس کی ٹیم ممبئی کے لئے روانہ ہوگئی۔ وہیں ملزم سورج کی تلاش میں بھی پولیس دبش دے رہی ہے۔