جموں، 3 جنوری ؛ فوج نے جموں کے ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر پیر کی صبح در اندازی کی ایک اور کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ایک در انداز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے پیر کی صبح ارینہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر بھولی چک پوسٹ کے نزدیک پاکستان کی طرف سے ایک شخص کو فینس کی طرف آتے ہوئے دیکھا انہوں نے کہا کہ فوج کی طرف سے کئی وارننگس کے باجود بھی مذکورہ شخص آگے بڑھتا گیا اوراس نے فینس کے نزدیک پہنچ کر در اندازی کرنے کی کوشش کی۔
مذکورہ ذرائع کا کہنا تھا کہ بعد میں فوجی جوانوں نے اس پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ در انداز کی لاش ابھی بھی وہیں پڑی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا اس واقعے کے بعد فوج نے علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بی ایس ایف نے گذشتہ ماہ آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ایک خاتون در انداز کو مار گرایا تھا۔