نئی دہلی، ؛ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سبرامنیم سوامی نے جموں و کشمیر میں مسلسل ہندوؤں کے ٹارگٹ قتل کے واقعات کو لے کر مودی حکومت پر جمعرات کو سخت حملہ بولتے ہوئے مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔
ایک ٹویٹ میں، مسٹر سوامی نے کہا، “جموں و کشمیر میں صدر راج ہے اور وہاں ہر روز ایک کشمیری ہندو کو قتل کیا جا رہا ہے، ایسے میں ضروری ہے کہ امت شاہ کے استعفیٰ کا مطالبہ کیاجائے۔ انہیں ہوم کے بجائے وزارت کھیل کی ذمہ داری دی جا سکتی ہے کیونکہ وہ ان دنوں کرکٹ میں زیادہ دلچسپی لے رہے ہیں۔
غورطلب ہے کہ جمعرات کی صبح جموں و کشمیر کے کولگام میں ایک بینک برانچ میں راجستھان کے رہائشی منیجر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس سے دو دن پہلے، وادی میں دہشت گردوں نے اسی ضلع میں 36 سالہ ٹیچر رجنی بالا کو ان کے اسکول میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
حالیہ دنوں دہشت گردوں کے ہاتھوں چن کر مارے جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے وادی میں وزیر اعظم کے خصوصی بحالی پیکیج کے تحت تعینات کشمیری پنڈت ملازمین اور دوسری ریاستوں کے یہاں تعینات ہندو ملازمین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔