دنیا کی مقبول ترین ریئلٹی ٹی وی اسٹار 40 سالہ کم کارڈیشین نے اپنے تیسرے شوہر 43 سالہ کانیے ویسٹ سے بھی طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔
کم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ نے 24 مئی 2014 کو اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کے بعد شادی کی تھی۔
گزشتہ ساڑھے 6 سال کے دوران دونوں کے ہاں چار بچے ہوئے اور دونوں نے رومانوی جوڑی ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت بھی بٹوری اور دونوں کی کمائی میں بھی خوب اضافہ ہوا۔
دونوں کے رومانس، اختلافات اور انتہائی رازدارانہ اور ذاتی مسائل کی خبریں بھی عالمی میڈیا کی زینت بنتی رہیں، تاہم گزشتہ برس جولائی میں ان دونوں کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی تھی۔
ان دونوں کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے جولائی 2020 میں اس وقت نئی بحث چھڑی جب کانیے ویسٹ نے امریکی صدارتی انتخابات لڑنے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جانے کے بعد اپنی سلسلہ وار ٹوئٹس میں بتایا تھا کہ انہوں نے ماضی میں کم کارڈیشین کو طلاق دینے کا سوچا تھا۔
کانیے ویسٹ نے جولائی 2020 میں ٹوئٹ میں لکھا کہ ماضی میں جب ان کی اہلیہ ان کے ساتھی ریپر و گلوکار میک مل سے ملی تھیں تب انہوں نے اہلیہ کو طلاق دینے کا سوچا تھا، تاہم بعد ازان انہوں نے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔
دونوں کا شمار دنیا کے امیر ترین اداکاروں و گلوکاروں میں ہوتا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
شوہر کی جانب سے مذکورہ ٹوئٹ کیے جانے کے بعد کم کارڈیشین نے بتایا تھا کہ داصل ان کے شوہر ذہنی مسائل کا شکار رہے ہیں اور اب بھی وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔
تاہم بعد ازاں ان کے درمیان اختلافات شدید ہوگئے اور خبریں تھیں کہ دونوں اگست 2020 سے ہی الگ ہوگئے تھے، جس کے بعد خبریں آئیں کہ دونوں کے درمیان جلد طلاق ہوگی۔