نئی دہلی، 15 دسمبر ؛صدر رام ناتھ کووند، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر، کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور مختلف مرکزی وزراء اور دیگر رہنماوں نے ہندوستانی فضائیہ کے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ایئرفورس کے گروپ کیپٹن سنگھ 08 دسمبر کو تمل ناڈو کے کنور میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہو گئے تھے، جس میں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت اور ان کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ویلنگٹن جارہے 13 دیگر افراد کی موت ہوگئی تھی۔ گروپ کیپٹن سنگھ اس حادثہ میں شدید طور پر زخمی ہوگئے تھے جن کی آج بنگلورو کے ایک اسپتال میں موت ہوگئی۔
ان کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے، فضائیہ نے ایک بیان میں کہا، “ایئر فورس کو یہ بتاتے ہوئے گہرا دکھ ہورہا ہے کہ بہادر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا انتقال ہو گیا ہے۔ 08 دسمبر 2021 کو ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے والے گروپ کیپٹن سنگھ کا آج صبح انتقال ہوگیا۔ ہندوستانی فضائیہ ان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتی ہے اور سوگوار کنبے کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر کووند نے ان کے انتقال پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا، ’’گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا، وہ زندگی کے لیے بہادری سے لڑے۔ اس حادثے میں وہ بری طرح زخمی ہو گئے تھے لیکن انہوں نے کافی بہادری اور ہمت کا مظاہرہ کیا۔ قوم ان کی شکر گزار ہے، ان کے اہل خانہ سے میری تعزیت۔”
وزیر اعظم مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا، “گروپ کیپٹن ورون سنگھ نے فخر، بہادری اور انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ قوم کی خدمت کی۔ ان کی موت سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے، قوم کے لیے ان کی لگن کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ان کے سوگوار خاندان اور دوستوں سے میری تعزیت ہے۔ اوم شانتی”
گروپ کیپٹن سنگھ کے انتقال پر اپنے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا، “گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا، جو کنور ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے کے بعد زندگی کی جنگ لڑ رہے تھے۔ ایشور ان کے کنبے کو طاقت عطا کرے۔میری گہری تعزیت۔ اوم شانتی-اوم شانتی۔”
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نےافسوس ظاہر کرتے ہوئے لکھا، ’’انڈین ایئر فورس کے پائلٹ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے انتقال کی خبر سے جو درد محسوس ہوا ہے اسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ایک سچے جانباز تھے، آخری سانس تک لڑتے رہے۔ میں ان کے اہل خانہ اور دوستوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ہم مشکل کی اس گھڑی میں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں۔”
اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے ایک تعزیتی پیغام میں کہا، ’’گروپ کیپٹن ورون سنگھ جی اپنی آخری سانس تک پوری بہادری اور وفاداری کے ساتھ قوم کے لیے وقف رہے۔ان کی موت بہت افسوسناک ہے۔ ایشور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔
گروپ کیپٹن سنگھ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا، ’’گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے خاندان کے ساتھ میری گہری تعزیت۔ یہ ملک کے لیے دکھ کی گھڑی ہے، اس مشکل وقت میں ہم سبھی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مرکزی وزراء نتن گڈکری، پیوش گوئل، جیوترادتیہ ایم سندھیا اور دیگر رہنماؤں نے بھی ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔