نئی دہلی: صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم ونکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے فرانس کو فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارک باد دی ہے ۔ماسکو میں اتوار دیر رات ورلڈ کپ فٹ بال کے فائنل کے دلچسپ میچ میں فرانس نے کروشیا کو 4-2 سے شکست دی۔
صدر نے اپنے پیغام میں کہا”فیفا ورلڈ کپ فٹ بال جیتنے کے لئے فرانس کے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد اور بہادر کروشیا ٹیم کو خصوصی مبارک باد”۔
نائب صدر نے اپنے پیغام میں کہا”روس میں فیفا ورلڈ کپ 2018 کے فائنل میں کروشیا کو 4-2 سے شکست دینے پر فرانس کو مبارکباد۔ مقررہ وقت میں میچ ختم کرنے کے لئے فرانس کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا”
وزیر اعظم نریندر مودي نے فیفا ورلڈ کپ 2018 جیتنے پر فرانس کی ٹیم کو مبارک باد دی۔
مسٹر مودی نے ٹوئٹ کیا”بہترین میچ۔ فیفا ورلڈ کپ جیتنے کے لئے فرانس کو مبارکباد۔ فرانس نے ٹورنامنٹ کے دوران اور ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا”۔مسٹر مودی نے فرانس کے صدر اما نوئل میکرون کو بھی اپنا پیغام ٹویٹ کیا۔
وزیر اعظم نے کروشیا کو بھی ان کے ‘ پرجوش کھیل’ کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ کروشیا کی ورلڈ کپ میں کارکردگی تاریخی رہی۔
مسٹر مودی نے روس کے صدر ولادیمیر پوٹن اور روس کے لوگوں کو بھی فیفا ورلڈ کپ 2018 کے لیے کامیابی سے منعقد کرنے کے لئے مبارک باد دی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ پورا ٹورنامنٹ یادگار رہا اور دنیا میں بڑے پیمانے پر دیکھا گیا۔
مرکزی وزیر کھیل راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے اپنے پیغام میں لکھا “ورلڈ کپ فائنل کو پوری دنیا یاد رکھے گی۔ فرانس نے 20 سال بعد ورلڈ کپ جیت لیا ہے اور کروشیا نے پورے ٹورنامنٹ میں اپنے شاندار کھیل سے لوگوں کا دل جیت لیا اور بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی بار فائنل میں پہنچا”۔
ناگالینڈ کے وزیر اعلی نیفیو ریو کے ساتھ دیگر لیڈروں نے فرانس کو فیفا ورلڈ کپ 2018 جیتنے پر مبارک باد دی ہے ۔انہوں نے بھی لکھا ”کروشیا بہت اچھا کھیلا”۔