سری نگر،7 جون ؛سرحدی ضلع کپوارہ کے کنڈی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں لشکر طیبہ سے وابستہ ایک غیر ملکی سمیت دو جنگجو مارے گئے جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔
کشمیر زون پولیس نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کنڈی کپوارہ کے انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے جن میں ایک پاکستانی جنگجو شامل ہے۔
ٹویٹ میں مہلوک پاکستانی جنگجو کی شناخت طفیل کے بطور کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر پولیس اور فوج نے منگل کی علی الصبح کنڈی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔