کویت میں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 10 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ وزارت صحت کی سکریٹری بثینہ المضف نے پیر کے روز معمول کی پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ نئے کیس سامنے آنے کے بعد کویت میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 56 ہو گئی ہے۔
سکریٹری نے مزید بتایا نئے ریکاڈ کیے گئے کیس جن افراد میں سامنے آئے ہیں وہ سب ایران سے آئے۔ متاثرین کو وزارت صحت کی جانب سے مقرر کردہ علاج کے مراکز منتقل کر دیا گیا۔
وزارت صحت کے مطابق کرونا وائرس کے سبب احتیاطی اقدامات کے طور پر مصر اور شام سے آنے والے مسافروں کے معائنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کویت نے ایران سے آنے والے تمام افراد کو طبی قید میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ فیصلہ ایران میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر کیا گیا۔