کویت اور قطر نے مسجد الاقصی پر صیہونی انتہا پسندوں اور اسرائیلی فوجیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: الخلیج آن لائن کی رپورٹ کے مطابق کویت کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ مسجد الاقصی پر صیہونیوں کا حملہ، مقدس مقامات کی توہین کے ساتھ ہی اقوام متحدہ کے چارٹر، قراردادوں اور جنیوا کنوینشن کی واضح خلاف ورزی ہے۔
کویت کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری اور خاص طور پر سیکورٹی کونسل سے مسجد الاقصی پر آئے دن حملے کے خلاف کوئی سنجیدہ اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر قطر کی وزارت خارجہ نے بھی مسجد الاقصی پر صیہونی انتہا پسندوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز اقدام قرار دیا جس سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے صیہونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس طرح کی تحریک آمیز کارروائیوں پر روک لگائے۔
واضح رہے کہ منگل کی صبح انتہا پسند صیہونیوں کے ایک ٹولے نے نئے عبرانی سال کے بہانے مسجد الاقصی پر دھاوا بول دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملے میں اسرائیلی فوجی بھی شریک تھے یہ واقعہ مسلسل دوسرے دن پیش آیا۔
مسلح صیہونی فوجیوں کو بھی مسجد الاقصی کے مختلف حصوں میں تعینات کردیا گیا تھا تا کہ ان کی سرپرستی میں انتہاپسند صیہونی قبلہ اول میں داخل ہوسکیں۔
دوسری جانب مسجد الاقصی کی حفاظت پر مامور سیکڑوں فلسطینی مرد اور خواتین نماز صبح کے بعد سے مسجدالاقصی میں موجود ہیں اور بڑی تعداد میں فلسطینی نوجوان بھی مسجد الاقصی میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔
درایں اثنا صیہونی فوجیوں کو مسجد القبلی کے اطراف اور اوپر تعینات کردیا گیا ہے۔ صیہونی فوج کے ڈرون طیارے بھی مسجد الاقصی پر پرواز کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ صیہونی حکومت کی پولیس نے صیہونی انتہاپسندوں کے تحفظ کے لئے چالیس سال سے کم عمر کے فلسطینی شہریوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ صیہونی فوجی مسجد میں داخل ہونے والے نوجوانوں کو زد و کوب کرتے ہوئے بھی دکھائی دیئے ہیں۔