نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز کہا کہ ان کا کویت کا دو روزہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کو مستحکم کرنے اور باہمی فائدے کی مستقبل کی شراکت داری کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
مسٹر مودی نے روانگی سے پہلے اپنے بیان میں کہا، “آج، میں کویت ریاست کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کی دعوت پر کویت کے دو روزہ دورے پر جا رہا ہوں۔ ہم کویت کے ساتھ نسلوں سے چلے آ رہے تاریخی تعلق کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
ہم نہ صرف مضبوط تجارت اور توانائی کے پارٹنر ہیں، بلکہ مغربی ایشیا کے علاقے میں امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی ہمارے مشترکہ مفادات ہیں۔”
وزیراعظم نے کہا، “میں کویت کے امیر، ولی عہد اور وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات کے لیے پُر جوش ہوں۔ یہ ہمارے لوگوں اور علاقے کے فائدے کے لیے مستقبل کی شراکت داری کے لیے ایک روڈ میپ تیار کرنے کا موقع ہوگا۔”
انہوں نے کہا، “میں کویت میں ہندوستانی تارکین وطن سے ملنے کے لیے بے چینی سے منتظر ہوں، جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتے کو مضبوط بنانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
میں خلیجی علاقے کے ایک اہم کھیل کے ایونٹ، عربین گلف کپ کے افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کرنے کے لیے کویت کی قیادت کا شکر گزار ہوں۔ میں اس ایتھلیٹک ایکسیلنس اور علاقائی یکجہتی کے جشن کا حصہ بننے کے لیے پُر جوش ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سفر ہندوستان اور کویت کے لوگوں کے درمیان خصوصی تعلقات اور دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا۔”