نئی دہلی : نیشنل موومنٹ فار اولڈ پنشن اسکیم (این ایم او پی ایس) کے تحت اتوار کو نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد کی گئی پنشن شنکھناد ریلی میں پورے ملک سے لاکھوں اساتذہ اور ملازمین نے حصہ لیا۔ پورے ملک سے رام لیلا میدان پہنچے لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے پرانی پنشن بحال کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔
دہلی ٹیچرس ایسوسی ایشن (جی ایس ٹی اے ) کے جنرل سکریٹری اجے ویر یادو نے کہا کہ پورے ملک سے لاکھوں ملازمین دو دن پہلے ہی پہنچنا شروع ہو گئے تھے ۔ عینی شاہدین اور انتظامیہ کے مطابق آج کی ریلی میں سات لاکھ افراد نے شرکت کی جس نے تعداد کی تاریخ رقم کی۔ پنشن شنکھناد مہاریلی میں مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کے مختلف محکموں بشمول ریلوے ، آرڈیننس، ہیلتھ سیکٹر اور محکمہ تعلیم کے لاکھوں ملازمین دہلی پہنچے اور پرانی پنشن کی بحالی کے لیے نعرے لگائے ۔
این ایم او پی ایس کے قومی صدر وجے کمار بندھو نے پورے ملک کے لاکھوں اساتذہ اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ ملک کے ملازمین صرف اور صرف پرانی پنشن کو بحال کرنے کے لیے متحد ہوئے ہیں، اس لیے ہمیں صرف اور صرف پرانی پنشن ملنی چاہیے ، اس کے علاوہ حکومت کی کسی تجویز کو ہم منظوری نہیں دیں گے ۔وجے کمار بندھو نے ملازمین سے اپیل کی کہ پنشن نہیں تو ووٹ نہیں، جو پنشن کی بات کرے گا۔ وہی ملک پر حکومت کرے گا اور یہ بھی کہا کہ وہ ملک کا اگلا وزیراعظم وہی ہوگا جو پنشن کی بات کرے گا؟ملک میں 40 سال سے کام کرنے والا ملازم پنشن کے بغیر ہے اور 40 دن کا رکن پارلیمنٹ تمام سہولیات کے ساتھ پنشن اس کا حقدار ہے ۔ ملک میں یہ کیسی قوم پرستی ہے ؟ یہ ملک بھگت سنگھ اور بابا صاحب کا ملک ہے ، پنشن ملازمین کا آئینی حق ہے ، ہم اسے لیکر رہیں گے ، جب دہلی میں بیٹھے لیڈروں کو بھیڑ کا علم ہوا تو وہ ریلی میں آنے کے لیے بے تاب نظر آئے ۔ اے اے پی کے ایم پی سنجے سنگھ نے ملازمین کی پنشن کی حمایت کی۔ وہیں ہریانہ کے سابق وزیر اعلی بھوپیندر سنگھ ہڈا نے ملازمین کو یقین دلایا کہ ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بننے کے 24 گھنٹے کے اندر پرانی پنشن بحال کر دی جائے گی۔
کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ ملک کے کسان اور مزدور ملازمین کے ساتھ ہیں، وہیں کانگریس دہلی کے ریاستی صدر اروند سنگھ لولی، اتر پردیش کے سماج وادی پارٹی کے ایم ایل سی لال بہاری یادو نے بھی ملازمین سے خطاب کیا اور کہا کہ کوئی بھی حکومت ملک کے ایک کروڑ ملازمین کو نظرنداز نہیں کرسکتی کیونکہ ملازمین زمین سے جڑے ہوئے ہیں۔
این ایم او پی ایس کی قومی جنرل سکریٹری پرگیہ نے کہا کہ انہوں نے ریلی میں آنے والے تمام اساتذہ اور ملازمین سے کہا کہ ہم اکٹھے ہو کر حکومت پر دباؤ ڈال کر پرانی پنشن کو ضرور بحال کرائیں گے ۔
دہلی گورنمنٹ ٹیچر ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر راجویر سنگھ نے ریلی کی کامیابی کے لیے دہلی کے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دہلی کے اساتذہ نے ماضی میں بھی کئی تاریخیں رقم کی ہیں، جو آج دہلی کے اساتذہ کے لیے ایک اور تاریخی دن ثابت ہوا۔