رانچی، 15 فروری (؛ غیر منقسم بہار کے مشہور چارہ گھوٹالہ کے ڈورنڈا خزانے سے غیر قانونی طور پر نکاسی کے معاملے میں بہار کے سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو کوقصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔رانچی میں خصوصی سی بی آئی جج ایس کے ششی کی عدالت نے منگل کو لالو پرساد کو قصوروار قرار دیا۔
سی بی آئی عدالت نے لالو سمیت اس کیس سے جڑے 99 ملزمین کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔ابتدائی طور پر ڈورنڈا خزانے سے غیر قانونی طور پر رقم نکالنے کے معاملے میں کل 170 ملزمین تھے جن میں سے 55 ملزمین کی موت ہو چکی ہے۔ اس وقت 99 افراد مقدمے میں شامل ہیں۔ ان میں سے 24 کو ثبوتوں اور گواہوں کی عدم دستیابی پر بری کر دیا گیا ہے اور عدالت نے کل 75 افراد کو مجرم قرار دیا ہے۔
ڈورنڈا خزانہ معاملے کی تحقیقات میں سی بی آئی کو 25 سال لگے۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے 7 جون 2003 کو عدالت میں سپلیمنٹری چارٹ شیٹ داخل کی تھی۔ اس معاملے میں 26 ستمبر 2005 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔