بہار کے سابق وزیر اعلی اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے سی بی آئی کی عدالت میں خودسپردگی کر دی ہے۔ جسٹس ایس ایس پرساد کی عدالت نے انہیں عدالتی حراست میں لیتے ہوئے ہوٹوار جیل بھیج دیا۔عدالت نے ریمس کے ڈاکٹر کو لالو پرساد یادو کی طبی جانچ کا بھی حکم دیا ہے۔
لالو پرساد کے وکیل نے کہا کہ آر جے ڈی صدر کو پہلے جیل لے جایا جائے گا پھر ریمس۔ اس سے پہلے رانچی واقع اسٹیٹ گیسٹ ہاوس میں جمعرات کی صبح جے وی ایم صدر بابو لال مرانڈی نے ان سے ملاقات کی۔ بدھ کی شام کو کانگریس لیڈر سبودھ کانت سہائے اور اپوزیشن لیڈر ہیمنت سورین نے بھی ان کی خیریت دریافت کی۔ ملاقات کے دوران 2019 کے عام انتخابات کے مدنظر سیکولر پارٹیوں کے ایک منچ پر آنے کو لے کر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
غور طلب ہے کہ اس سے پہلے جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے لالو یادو کی ضمانت کی مدت میں توسیع کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان کی عرضی خارج کر دی تھی جس کے بعد انہیں 30 اگست کو عدالت میں خودسپردگی کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔