سان فرانسسکو میں ایک تقریب کے دوران اس نئے اسمارٹ فون کو متعارف کرایا جائے گا اور اس کے ساتھ ایپل واچ ٹو کو بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
ویسے تو اب تک سامنے آنے والی لیکس، افواہوں اور رپورٹس کے مطابق ایپل کی نئی ڈیوائس گزشتہ سال کے آئی فون سکس ایس جیسی ہی ہوگی مگر پھر بھی آئی فون پسند کرنے والے بے صبری سے اس کا انتظار کررہے ہیں۔
جیسا کہ بتایا جاچکا ہے کہ اس کا نام ممکنہ طور پر آئی فون سیون ہوگا جسے 2 یا 3 ورژنز یعنی آئی فون سیون، آئی فون سیون پلس یا پرو کی شکل میں پیش کیا جائے گا۔
اگر ایپل نے 3 فون پیش کیے تو ایک کا سائز 4.7 انچ جبکہ باقی دونوں کا 5.5 انچ ہوگا۔
2 فون سامنے آنے کی صورت میں بھی اسکرین کا سائز یہی ہوگا جبکہ اس بار ایپل کی جانب سے ہیڈ فون جیک کو ڈیوائس سے نکالا جارہا ہے جو اس کی سب سے بڑی تبدیلی بتائی جارہی ہے۔
اور ہاں امکان ہے کہ پہلی بار ایپل کا کوئی آئی فون واٹر پروف ہوگا تاکہ گلیکسی ایس سیون کو پسند کرنے والوں کو اپنی جانب کھینچا جاسکے۔
نئے رنگوں، زیادہ اسٹوریج اسپیس اور ہوم بٹن ری ڈیزائن بھی ایپل کی اس ڈیوائس کی چند بڑی تبدیلیاں ہیں جبکہ اسکرین ریزولوشن کے لیے ٹرو ٹون ڈسپلے اس میں شامل کیا جاسکتا ہے جو ارگرد کے ماحول کے مطابق اسکرین کے رنگوں کو ایڈجسٹ کرے گا۔
آئی فون کے بڑے ورژن یعنی پلس یا پرو میں دو لینسز والا کیمرہ ہوگا جس کے ساتھ بارہ میگا پکسلز کے سنسرز دیئے جائیں گے۔
یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ نئے آئی فون میں پہلے سے طاقتور چپ اے 10 موجود ہوگی۔
ابھی نئے آئی فون کی قیمت کے حوالے سے کچھ کہنا مشکل ہے مگر توقع کی جاسکتی ہے کہ اس کے بیسک ماڈل کی قیمت 650 ڈالرز سے شروع ہوسکتی ہے۔