نئی دہلی:بہوجن سماج پارٹی کے صدر مایاوتی نے اترپردیش میں قانون و انتظام کی صورت حال منہدم ہوجانے کا الزام لگاتے ہوئے آج ریاست کے وزیر اعلی اکھلیش یادو سے استعفی کا مطالبہ کیا۔
محترمہ مایاوتی نے پارلیمنٹ ہاوس میں نامہ نگاروں سے کہا کہ بلند شہر میں عصمت دری کے واقعہ سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ریاست میں قانون و انتظام منہدم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس واردات سے صاف ظاہر ہے کہ اترپردیش میں اب قانون کا نہیں بلکہ جنگل کا راج ہے ۔
بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ وزیر اعلی کو اس بربریت کی ذمہ داری لیتے ہوئے اخلاقی بنیادوں پر استعفی دے دینا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اترپردیش نہیں سنبھالا جارہا ہے تو بہتر ہوگا کہ (اکھلیش) کو وزیر اعلی کے عہدہ سے اخلاقی بنیاد پر استعفی دے دینا چاہئے ۔ یہ میرا مشورہ ہے ۔
محترمہ مایاوتی بلند شہر میں جمعہ کی رات کو قومی شاہراہ پر ایک خاتون او راس کی نوعمر بیٹی کے ساتھ ہوئے اجتماعی عصمت دری کے واقعہ پر اپنا ردعمل ظاہر کررہی تھیں۔