لکھنؤ : لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی کےافسران نے دوشنبہ کو کاکوری حلقہ میں مہم چلاکر غیرقانونی پلاٹنگ پر بلڈوزر چلایا۔ اتھارٹی کے نائب صدر ڈاکٹر اندرمنی ترپاتھی کی ہدایت پر افسران نے پریورتن زون 3 کی ٹیم نے دو مقامات پر کارروائی کرائی۔
پریورتن زون 3 کے زونل افسر دیوانش ترویدی نے بتایاکہ محمد اسلم اور دیگر کی جانب سے کاکوری میں مودا روڈ پر آئی ٹی آئی کے سامنے تقریباً 25بیگھہ حلقہ میںغیرقانونی طریقہ سے پلاٹنگ کرتے ہوئے اودھ اسٹیٹ نام سے کالونی کو ترقی یافتہ کیا جارہا تھا۔
اس کے علاوہ اکھنڈ سنگھ ، دانش اور دیگر کی جانب سے مودا روڈ کے بائیں کنارے پر اکھنڈ راج میرج لان کے قبل تقریباً 15 بیگھہ حلقہ میں غیرقانونی طریقہ سے پلاٹنگ کی گئی۔
اتھارٹی سے لے آؤٹ منظور کرائے بغیر دونوں مقامات پر کی جارہی غیرقانونی پلاٹنگ کے خلاف مجاز عدالت نے انہدام کی ہدایت دی تھی۔ دوشنبہ کو معاون انجینئر انل کمار کی قیادت میں نائب انجینئر بھانو پرکاش ورما، بھرت پانڈے، پرمود کمار پانڈے نے غیرقانونی پلاٹنگ کی انہدام کی کارروائی کرائی۔
اس دوران دونوں جگہوںپر ترقی یافتہ کی گئی سڑکیں، نالیاں، باؤنڈری وال، سائٹ آفس، بجلی کے کھمبے وغیرہ کو منہدم کرایا گیا۔