لکھنؤ: لکھنؤ ترقیاتی اتھارٹی نے جمعہ کو اندرا نگر اور جانکی پورم علاقہ میں مہم چلا کر نصف درجن سے زائد ناجائز تعمیرات سیل کرائیں۔ اتھارٹی کے انفورسمنٹ زون-5 کی ٹیم نے اسکول کی ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کے ساتھ شاپنگ کامپلکس وغیرہ کو سیل کرایا۔
ایل ڈی اے کے ایڈیشنل سکریٹری گیانیندر ورما نے بتایا کہ اندرا نگر کے تکروہی واقع لکھنؤ ماڈل پبلک انٹر کالج کے منیجر شیو ساگر شرما اور دیگر کی جانب سے کالج احاطہ میں تقریباً4ہزار اسکوائر فٹ علاقہ میں ایڈمنسٹریٹیو بلڈنگ کی تعمیر کرائی جا رہی تھی وہیں ڈاکٹر ایس کے احمد و دیگر کی جانب سے اندرا نگر کے پانی گاؤں انکلیو میں پلاٹ نمبر سی-5کے بازو میں تقریباً270 اسکوائر میٹر علاقہ کے پلاٹ پر نیچے دکانیں اور اوپر عمارت کی تعمیر کرائی جا رہی تھی۔
اسی طرح اندرا نگر میں راج چندر و دیگر کی جانب سے تقریباً ایک ہزار اسکوائر فٹ علاقہ میں تین دکانوں کی تعمیرکرائی جا رہی تھی۔ اندرا نگر کے امرائی گاؤں میں بجرنگ چوراہے کے نزدیک رام پرتاپ و دیگر کی جانب سے تقریباً 2ہزار اسکوائر فٹ علاقہ کے پلاٹ پر شاپنگ کامپلکس کی تعمیر کرائی جا رہی تھی۔ اس کے علاوہ امر سنگھ و دیگر کی جانب سے جانکی پورم کے موضع رسول پور میں شکلا چوراہے کے آگے تقریباً 4 ہزار اسکوائر فٹ مربع میٹر کے پلاٹ پر بیسمنٹ و بالائی منزل پر دکانوں و ہال کی تعمیر کرائی جا رہی تھی۔
وہیں سنکلپ سینی و دیگر کی جانب سے رسول پور موضع مین ایشور دین کامپلکس کے سامنے تقریباً3ہزار اسکوائر فٹ کے علاقہ کی زمین پر کامرشیل تعمیرات کرائی جا رہی تھی۔
اتھارٹی سے نقشہ منظور کرائے بغیر کی جا رہی سبھی ناجائز تعمیرات کے خلاف مجاز عدالت نے سیلنگ کے احکام دئے تھے۔ جمعہ کو انفورسمنٹ زون-5 کے زونل افسر راج کمار کی قیادت میں اسسٹنٹ انجینئر این این چوبے اور سنجے مشرا و جونیئر انجینئر سبھاش شرما نے سیلنگ کی کاروائی کراتے ہوئے 7 زیر تعمیر عمارتوں کو سیل کرایا۔