رہبرانقلاب نے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اپنا ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے فرمایا: دوسرا مرحلہ بھی پہلے مرحلے کی طرح اہمیت کا حامل ہے
ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے دوسرے مرحلے میں رہبر انقلاب اسلامی نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فرمایا کہ انتخابات ملک کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔
تہران میں بارھویں پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا وقت شروع ہوتے ہی رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حسینیہ امام خمینی (رح) کے پولنگ بوتھ نمبر 110 پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا اورمیڈیا سے گفتگو میں فرمایا کہ انتخابات ملکی فیصلوں میں عوام کی شرکت کی علامت ہیں۔ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رہبرمعظم نے فرمایا کہ انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں کوئی فرق نہیں ہے ۔ دوسرا مرحلہ بھی پہلے مرحلے کی طرح اہمیت کا حامل ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ایرانی عوام سے مخاطب ہوکر کہا کہ پہلے مرحلے میں کچھ نمائندوں کو پارلیمنٹ میں بھیجا تاہم سیٹیں اب بھی باقی ہیں۔ دوسرے مرحلے کی خالی نشستوں پر نمائندے منتخب ہوں گے۔ اگر دوسرے مرحلے میں ووٹنگ میں شرکت کم ہوجائے تو کام ادھورا رہ جائے گا اسی لئے دوسرے مرحلے کی اہمیت پہلے مرحلے سے کم نہیں ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ان شاء اللہ بڑی تعداد میں لوگ ووٹنگ میں حصہ لیں گے تاکہ پارلیمنٹ میں نشستیں مکمل ہوجائیں۔ انتخابات میں ووٹنگ کی شرح جس قدر بڑھے گي پارلیمنٹ مضبوط ہوگی اور فعالیت کا امکان بڑھ جائے گا-
واضح رہے کہ یہ انتخابات 15 صوبوں کے 22 حلقوں میں ہو رہے ہیں اور پارلیمنٹ کی بقیہ 45 نشستوں کے لیے 90 امیدوار مدمقابل ہیں-