بیروت ؛ لبنان میں معاشی بحران سے تنگ آکر شہری اپنے اعضا فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بدحالی کا شکار لبنان قحط کے دھانے پر پہنچ گیا ہے اور عوام کی زندگی مْشکلات سے دوچار ہے۔
غربت کے باعث شہری اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے اعضافروخت کرنے پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔ مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید میں کمی آرہی ہے اورلبنانی لیرا ڈالر کے مقابلے میں تیزی سے تنزل کا شکار ہے۔ ادویہ اور علاج دن بدن مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک متاثر نوجوان نے اپنے گردے بیچنے کے اعلان کے بعد اندرون اور بیرون ملک سے کئی لوگوں نے رابطہ کیا،جس کے بعد پولیس نے اسے طلب کرکے اعضا کی غیرقانونی فروخت کا الزام لگایا گرفتار کرلیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان میں معاشی بحران کی ایک بڑی وجہ وہاں کا سیاسی بحران بھی ہے۔
2برس کے دوران لبنان میں کئی وزیراعظم تبدیل ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں ایندھن کی شدید قلت ہے ،جب کہ ملک کے اکثر بینک خالی ہوچکے ہیں۔ گزشتہ برس بیروت کی بندرگاہ پر امونیم نائٹریٹ کے گودام میں ہونے والے خوف ناک دھماکے کے بعد سے ملک شدید حالات میں گھرا ہوا ہے۔ چند روز قبل ہی بیروت میں ایک آئل ریفائنری میں دھما کے کے نتیجے میں کئی علاقوں میں پیٹرول کی ترسیل معطل ہوکر رہ گئی تھی۔