پودینے کے خاندان سے تعلق رکھنے والے پودے “لیمن بام” کو کئی امراض کے علاج کے لیے نہایت مفید شمار کیا جاتا ہے۔ اگرچہ بہت سے لوگ اس کے بارے میں نہیں جانتے تاہم یہ بے خوابی اور نیند میں اضطرابی کیفیت کے علاج میں بہت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ لیمن بام کے پتے ہیں جن کو پیسنے پر ان سے لیموں کی مہک نکلتی ہے۔
صحت کے امور سے متعلق انگریزی ویب سائٹ “بولڈ اسکائی” کے مطابق قدیم زمانے سے بہت سے امراض کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے اس پودے کے 10 طبی فوائد درج ذیل ہیں :
1 – نزلہ زکام کی سوزش کا علاج
لیمن بام کے عرق میں موجود اینٹی وائرس کی خصوصیات نزلہ زکام کے نتیجے میں ناک کے نیچے اور ہونٹوں کے گرد ہونے والی سوزش کے علاج میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ لہذا کریم کی صورت میں لیمن بام کا عرق مذکورہ سوزش کے علاج میں آرام پہنچاتا ہے۔
2 – انفیکشن میں کمی
لیمن بام میں موجود اینٹی انفیکشن ایتھینول کا مادہ سوزش یا انفیکشن کے نتیجے میں ہونے والی تکلیف اور درد کو کم کرتا ہے۔
3 – بے خوابی کا علاج
طبی تحقیقات سے ثابت ہو چکا ہے کہ لیمن بام بارہ برس سے کم عمر بچوں اور سن یاس کے مرحلے سے گزرنے والی خواتین میں بے خوابی اور نیند میں بے چینی کے علاج کے حوالے سے مؤثر ہے۔ بالخصوص جب اس کو ایک اور پودے “سنبل بری” کے ساتھ ملا لیا جائے۔
4 – اختلاج قلب کا علاج
طبی تحقیق کے ایک جریدےEthnopharmacology کے مطابق لیمن بام کے پتے تناؤ اور اختلاج قلب کو قابو کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسی طرح لیمن بام کا خوشبودار روغن خون میں Triglyceride کی سطح کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
5 – ذیابیطس کا علاج
لیمن بام کا خوشبو دار روغن خون میں شوگر کی سطح کو کم کرتا ہے جس سے ذیابیطس کے مریضوں کی حالت بہتر ہوتی ہے۔ یہ بات غذائی امور سے متعلق ایک برطانوی جریدے میں شائع تحقیق میں بتائی گئی۔
6 – سرطان سے بچاؤ
لیمن بام کے عرق نے چھاتی کے سرطان کے خلیوں کے خلاف مزاحمت کے حوالے سے فعال تاثیر ظاہر کی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق لیمن بام کو سونگھنے سے بعض ایسے عوامل کو روکا جا سکتا ہے جن کے نتیجے میں جگر کے سرطان کے خلیوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
7 – الزائمر سے تحفظ
لیمن بام یادداشت کو مضبوط بنانے اور یکسوئی اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ اس طرح دیرینہ اعصابی امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ ان امراض میں الزائمر، فالج، رعشہ اور زوال عقل شامل ہیں۔ لیمن بام کو چار ماہ تک روزانہ کھانے سے ہلکی سے درمیانی نوعیت کے الزائمر میں مبتلا مریضوں کو افاقہ ہوتا ہے۔
8 – تناؤ اور گھبراہٹ میں کمی
ایک طبی تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ 600 ملی گرام لیمن بام کھانے سے تناؤ میں کمی آتی ہے اور انسانی جسم کو سکون کا احساس ہوتا ہے۔ اس پودے میں Rosmarinic acid نامی مرکب پایا جاتا ہے جو یہ اعصابی خلل اور گھبراہٹ کی علامات کو کم کرتا ہے۔
9 – ہاضمے کی بہتری
لیمن بام ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔ یہ پودا جسم کے اندر سے گیسوں کو دور کرتا ہے اور معدے کے اُپھار کو روکتا ہے۔
10 – ماہواری کے مسائل میں کمی
لیمن بام کو کیپسول کی صورت میں کھایا جائے تو یہ خواتین میں ماہواری کے مسائل اور اثرات کو کم کر دیتا ہے۔ ایک طبی تحقیق کے دوران انٹرمیڈیٹ کی طالبات کو تین ماہ تک روازنہ لیمن بام کے 1200 ملی گرام کے کیپسول کھلائے گئے۔ اس کا مثبت نتیجہ ماہواری کے دوران درپیش پریشان کن کیفیات میں واضح کمی کی صورت میں سامنے آیا۔
جادوئی فوائد کے باوجود لیمن بام کے کیپسول طویل المیعاد مقاصد کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ بصورت دیگر اس کے سائیڈ ایفیکٹس سر درد، معدے کی تکلیف، بخار اور قے کی شکل میں سامنے آ سکتے ہیں۔ بہتر صورت یہ ہے کہ کھانے اور پینے میں تازہ لیمن بام کے پتے استعمال کیے جائیں۔ اس کے علاوہ لیمن بام کی چائے بھی پی جا سکتی ہے۔ اس کی تیاری کا طریقہ یہ ہے کہ دو کپ پانی میں دو چمچے تازہ لیمن بام کے پتے ڈال کر ابال لیجیے اور پھر اس میں سفید شہد ملا لیجیے۔