پٹنہ: بالی ووڈ اسٹار سشانت راجپوت کی خود کشی معاملے میں جانچ کا مطالبہ اب تیز ہونے لگا ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور فلمی ستاروں کے ذریعہ اس خود کشی کا معاملہ سلجھانے کے مطالبہ کے دوران لوک جن شکتی پارٹی کے قومی صدر چراغ پاسوان نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو خط لکھا ہے۔
چراغ پاسوان نے ادھو ٹھاکرے سے فون پر ہوئی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ بہار سے آنے والے ایک نوجوان جو کہ اپنے اداکاری کی وجہ سے نہ صرف بہار، بلکہ پورے ملک میں مقبول تھا، اس نے 14 جون کو خود کشی کرلی۔
چراغ پاسوان نے مزید لکھا، ’میں ان کی فیملی کے کچھ ممبران سے مسلسل رابطے میں ہوں اور ان کی خودکشی کرنے کے بعد قریبی لوگوں نے اس کے پیچھے کسی سازش کی طرف اشارہ کیا ہے۔ سبھی کا یہ ماننا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت ہندوستانی فلمی دنیا میں پنپ رہی گروپ بازی کا شکار ہوئے ہیں۔ چراغ پاسوان نے لکھا ہے کہ گروپ بازی کے سبب بڑے فلمسازوں نے سشانت سنگھ کا بائیکاٹ کردیا تھا، جس کے سبب انہیں خود کشی کرنی پڑی، ایسا کئی لوگوں کا کہنا ہے’۔
چراغ پاسوان نے خط میں ادھو ٹھاکرے سے مطالبہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اس معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کروائی جائے، ساتھ ہی ان سبھی پر بھی کارروائی کی جائے، جو چھوٹے شہروں سے آئے باصلاحیت لوگوں کو آگے بڑھنے سے روکتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی چراغ پاسوان نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھ کر اس حادثہ کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔