نئی دہلی، 6 جولائی؛اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے ہندوستانی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل موہن سبرامنیم کو جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے مشن کا فورس کمانڈر مقرر کیا ہے۔
فوج کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے بدھ کو اعلان کیا کہ لیفٹیننٹ جنرل موہن سبرامنیم جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ مشن کے نئے فورس کمانڈر ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل سبرامنیم کولیفٹیننٹ جنرل شیلیش تنکر کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل تنکر کی پوری لگن کے ساتھ ذمہ داری اداکرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ ان کی گرانقدر خدمات پر اظہار تشکر کرتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سبرامنیم نے ہندوستانی فوج میں 36 سال کی ممتاز خدمات انجام دیں۔ حال ہی میں انہوں نے فوج میں آپریشنز اور تیاریوں سے متعلق یونٹ کے سربراہ کا عہدہ بھی سنبھالا تھا۔ وہ فوج میں کئی دیگر اہم عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ ویتنام، لاؤس اور کمبوڈیا میں ہندوستان کے دفاعی اتاشی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ سیرالیون میں اقوام متحدہ مشن میں اسٹاف آفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔