پرتاپ گڑھ،27 ستمبر (یواین آئی ): اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع سیشن جج عبدالشاہد کی عدالت نے قتل کے مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے مجرم کو عمر قید و پانچ مجرمین کو تین – تین سال قید و جرمانہ کی سزا سنائی ۔
استغاثہ کے بموجب آس پور دیوسرہ علاقے کے بھکھاری گاوں میں 27/اکتوبر 2019 کی شب 9 بجے کچھ لوگوں نے لال چندر 50 و اس کے بیٹے صوبیدار و بھتیجہ اجے پر لاٹھی ڈنڈہ و چاقو سے حملہ کر دیا ،جس کے سبب لال چندر کی جائے وقوعہ پر موت ہو گئی ۔مقتول کے بھائی پھول چندر نے پولیس کو روہت ،چھوٹے لال ،راہل ،راجیندر پرساد ،انیل و جیت لال سمیت چھہ ملزمین کے خلاف قتل کی شکایت دی ۔پولیس نے شکایت کی بنیاد پر دفعہ 147,1148,149,302,435 تعزرات ہند کے تحت مقدمہ درج کر فرد جرم عدالت میں داخل کیا ۔عدالت نے منگل کو مقدمہ کی سماعت کرتے ہوئے وکلاء کے استدلال سننے کے بعد شواہد کی بنیاد پر قتل میں خاطی ثابت مجرم روہت کو عمر قید بامشقت و تیس ہزار روپے جرمانہ ،اور بلوا میں خاطی ثابت راہل ،جیت لال ،راجیندر ،انیل و چھوٹے لال سمیت پانچ مجرمین کو تین – تین سال قید اور دس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی ۔استغاثہ کی جانب سے پیروی ڈی جی سی یوگیش شرما و اے ڈی جی سی وکرم سنگھ نے کی ۔