بیونس آئرس : اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کر دیا۔ فٹبال کی دنیا میں لیونل میسی کا کیریئر تقریباً دو دہائیوں پر محیط ہے لیکن وہ اب بھی عالمی سطح پر پذیرائی کی تلاش میں ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں میجر لیگ ساکر (ایم ایل ایس) کلب انٹر میامی کے ساتھ اپنے معاہدے میں 2028 تک توسیع کی جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ وہ 39 سال کے ہو جانے کے باوجود ابھی ریٹائرمنٹ پر غور نہیں کر رہے۔
این بی سی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں لیونل میسی نے کہا کہ وہ اگلے سال جسمانی حالت کا جائزہ لیں گے تاکہ امریکا، میکسیکو اور کناڈا میں ہونے والے ٹورنامنٹ (فیفا ورلڈ کپ 2026) میں کھیلنے کا فیصلہ کر سکیں۔
اسٹار فٹبالر کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ہونا ایک غیر معمولی بات ہے لہٰذا چاہتا ہوں کہ میں وہاں اچھی حالت میں موجود ہوں تاکہ ٹیم کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کر سکوں۔
‘میں یہ روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لوں گا جب اگلے سال انٹر کے ساتھ پری سیزن شروع کروں گا اور دیکھوں گا کہ کیا میں واقعی 100 فیصد فٹ ہوں اور پھر فیصلہ کروں گا۔ میں بہت پُرجوش ہوں کیونکہ یہ ایک ورلڈ کپ ہے۔ ہم نے آخری والا جیتا ہے۔لیونل میسی نے 20 سال سے زیادہ پر محیط پروفیشنل کیریئر گزارا ہے۔ انہوں نے 2004 میں صرف 17 سال کی عمر میں بارسلونا کیلیے ڈیبیو کیا، پھر پیرس سینٹ جرمین کیلیے کھیلا اور 2023 میں انٹر میامی میں شامل ہوئے۔