لکھنؤ: بسوں کی لائیو لوکیشن اب عالم باغ بس ا سٹینڈ پر ٹی وی اسکرین پر نظر آئے گی۔ اس کے ساتھ مسافر کو اسکرین پر اپنے سفر کے بارے میں مکمل معلومات مل جائے گی جہاں تک اسے جانا ہے۔
یہ سہولت 3 اکتوبر سے شروع کی جا رہی ہے۔ اس کی نگرانی کے لئے ہیڈ کوارٹر اور علاقائی منیجر کے دفتر میں کمانڈ سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ وہاں سے بسوں کی لوکیشن بس اسٹینڈ پرلگی اسکرین پر بھیجی جائے گی۔
ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے افسران نے بتایا کہ ریاست کے 100 بس اڈوں پر بسوں کی لائیو لوکیشن کے لئے اسکرینیں لگائی گئی ہیں۔ ان میں سے 91 پر لائیو لوکیشن دستیاب ہونا شروع ہو گئی ہے۔
علاقائی منیجر آر کے ترپاٹھی نے بتایا کہ یہ سہولت لکھنؤ کے عالم باغ بس ٹرمنل اور اودھ بس اسٹیشن پر دستیاب ہوگی۔ وہیں روڈ ویز کی بسوں میں سیٹوں کی ایڈوانس اور تتکال بکنگ کےلئے راہی ایپ پرسہولت شروع کر دی گئی ہے۔ مارگدرشی ایپ پر بس نمبر ڈال کر بسوں کی لوکیشن حاصل کر سکیں گے۔ یہ سہولت اس نوراتری پر شروع کی جائے گی۔ اس کے لئے وزیراعلیٰ سے وقت مانگا گیا ہے۔