نئی دہلی،22مارچ(یواین آئی)دہلی سرکار نے کورونا وائر س کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے تیئیس مارچ(پیر) سے اکتیس مارچ تک راجدھانی کو لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل اور وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران کچھ لازمی خدمات کو چھوڑ کر سبھی سرگرمیاں مکمل طور سے بند رہیں گی۔
مسٹر کجریوال نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران دہلی کی سرحد سے متصل سبھی سرحدیں سیل کی جارہی ہیں۔صرف لازمی اشیا (دودھ،پھل اور سبزی)کو لانے والی گاڑیوں کو ہی دہلی میں داخل ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہلی ہوائی اڈے سے سبھی پروازیں معطل رہیں گی اور لاک ڈاؤن کے دوران بین الاقوامی پروازیں بھی رد رہیں گی۔
انہوں نے کہا سبھی مذہبی مقامات کو بند کردیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دہلی کے سبھی بازار بند رہیں گے اور اس دوران صرف سبزی،دودھ اور کرانہ اسٹور کھولنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں سامان کی کسی بھی قسم کی قلت نہیں ہے اور کا لا بازاری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلہ میں ابھی تک 327شکایتوں 437معاملے درج کئے جاچکے ہیں۔