نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کیا اور بتایا کہ ہندوستان میں عام انتخابات 19 اپریل کو شروع ہوں گے اور یہ 7 مرحلوں میں مکمل ہوں گے۔ ان کے اس اعلان کے ساتھ ہی پورے ملک میں ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا۔
انہوں نے اس موقع پر چار ریاستوں (اوڈیشہ، سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش) میں انتخابات کی تاریخوں کا بھی اعلان کیا، جن کی اسمبلیوں کی مدت جون میں ختم ہو رہی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے اطلاع دی کہ اوڈیشہ میں پولنگ چار مراحل میں ہوگی جبکہ دیگر تین ریاستوں سکم، اروناچل پردیش اور آندھرا پردیش میں پولنگ ایک ایک مرحلہ میں مکمل ہوگی۔ سکیم اور اروناچل پردیش میں ووٹنگ 19 اپریل کو، آندھرا پردیش 13 مئی کو، جبکہ اڈیشہ میں 13 مئی، 20 مئی اور 25 مئی کو ہوگی۔
خیال رہے کہ آندھرا پردیش میں 175 اسمبلی سیٹوں پر، اروناچل پردیش میں 60 سیٹوں، سکم میں 32 سیٹوں پر اور اوڈیشہ میں 147 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ تمام ریاستوں کے لیے ووٹوں کی گنتی 4 جون کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
ادھر لوک سبھا انتخابات کی بات کریں تو 7 مراحل کی پولنگ کا 19 اپریل سے آغاز ہوگا۔ دوسرے مرحلہ کی پولنگ 26 اپریل کو، تیسرے مرحلہ کی پولنگ 7 مئی کو، چوتھے مرحلہ کی پولنگ 13 مئی کو، پانچویں مرحلہ کی پولنگ 20 مئی کو، چھٹے مرحلہ کی پولنگ 25 مئی کو اور ساتویں اور آخری مرحلہ کو پولنگ یکم جون کو ہوگی۔ تمام سیٹوں کے ووٹوں کی گنتی 4 جون ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اپریل اور مئی میں ہونے والے ان انتخابات میں تقریباً 97 کروڑ ہندوستانی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں۔ اس بار کی ووٹنگ کے نتائج اس امر کا تعین کریں گے کہ آیا ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مسلسل تیسری بار بھی برسر اقتدار رہے گی؟
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی ای سی راجیو کمار نے بتایا کہ ساڑھے دس لاکھ پولنگ اسٹیشن ہوں گے اور انتخابات کے لئے پچپن لاکھ ای وی ایم کا استعمال کیا جائے گا۔
ہندوستان میں انتخابات کے جمہوری عمل کے نگران ادارے الیکشن کمیشن کے مطابق دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں ووٹ ڈالنے کے اہل افراد میں 497 ملین مرد، 471 ملین خواتین اور 48044 تیسری جنس والے ووٹرز شامل ہیں۔
الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اپنے نئے ساتھیوں کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن مکمل ہو گیا ہے اور یہ انتخابات ایک تاریخی لمحہ ہیں جب ہندوستانی شہری اپنی رائے کا اظہار کریں گے اور ہم اس کو ایک تہوار کے طور پر منائیں گے۔ راجیو کمار نے کہ کہ چناؤ کا پرو، دیش کا گرو یعنی کہ انتخابات کا جشن ملک کا فخر ہے۔
واضح رہے کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات 11 اپریل سے 19 مئی کے درمیان 7 مرحلوں میں ہوئے تھے۔ جبکہ نتیجہ 23 مئی کو آیا تھا ۔ جبکہ 2014 میں لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا اعلان 5 مارچ کو کیا گیا تھا۔ انتخابات 7 اپریل سے 12 مئی تک 9 مرحلوں میں ہوئے تھے۔