بارہ بنکی : پٹرول پمپ کے منیجر سے سرعام قومی شاہراہ پر موٹرسائیکل پر سوار بدمعاشوں نے اسلحہ دکھا کر ساڑھے تین لاکھ سے زائد روپئے سے بھرا ہوا بیگ لوٹ لیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے کے بعد موقع پر پہنچ کر پولس نے ابتدائی تفتیش کی لیکن کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ موقع پر اے ایس پی بھی پہنچے۔ پولس نے بدمعاشوں کی سرگرمی سے تلاش شروع کردی ہے۔
موصولہ خبر کے مطابق شہر کے ستیہ پریمی نگر کا باشندہ ابھیجیت جیسوال کا صفدر گنج چوراہے پر پٹرول پمپ ہے۔رات کی شفٹ میں منیجر اکھلیش کمار باشندہ آزاد نگر وسیلس مین ببلو کمار تین لاکھ ۶۶ہزار روپئے بینک میں جمع کرانے کے لئے لے جارہے تھے۔اسی دوران صفدر گنج تھانہ علاقہ کے ساگر انسٹی ٹیوٹ کے قریب تین نوجوانوں نے اورٹیک کرکے منیجر کی موٹر سائیکل کو روکنے کی کوشش کی جب وہ نہیں رکے تو بدمعاش طمنچہ دکھا کر انہیں دھمکی دینے لگے۔سیلس مین نے جیسے ہی موٹرسائیکل روکی بدمعاش منیجر سے پیسوں سے بھراہوا بیگ لوٹ کر بارہ بنکی کی سمت فرار ہوگیا۔ اس واردات کی اطلاع پولس کودی گئی موقع پر اے ایس پی کلدیپ نارائن وتھانہ انچارج موہن ورما نے ابتدائی تفتیش کی لیکن انہیں کوئی سراغ نہیں مل سکا۔اکھلیش وببلو سے پولس نے گھنٹوں تک پوچھ گچھ کے بعد نامعلوم بدمعاشوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ پولس نے کچھ مقامات پر بدمعاشوں کی تلاش میں چھاپہ مارے لیکن کوئی کامیابی نہیں مل سکی۔