بنگلور،9 مئی (یو این آئی) کرناٹک میں مساجد میں اذان کے لیے لاؤڈ سپیکر کے استعمال کے خلاف پیر کو ریاست بھر کے ایک ہزار سے زیادہ مندروں میں صبح 5.30 بجے سے صبح 6.00 بجے تک ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا گیا اور سو پربھات بھجن گائے گئے۔
بنگلور، میسور، منڈیا، بیلگام، دھارواڑ، ہبلی، کلبرگی اور ریاست بھر کے دیگر مقامات پر مندروں میں سری رام سینا اور دیگر ہندو گروپوں کے تعاون سے ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا گیا۔
سری رام سینا کے بانی پرمود متالک نے میسور ضلع کے مندر میں صبح 5 بجے لاؤڈ سپیکر پر ہنومان چالیسا کے پاٹھ کا افتتاح کیا۔
اس کے بعد 6 بجے متالک نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اگر ریاستی حکومت مساجد میں لاؤڈ سپیکر کے استعمال کے خلاف کارروائی نہیں کرتی ہے تو ہندو کارکن آنے والے دنوں میں ہنومان چالیسا کا ورد تیز کردیں گے۔