نئی دہلی، 25 مارچ (یو این آئی) کانگریس نے جمعہ کومہنگائی کے مسئلے پر حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ حکومت بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لیے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کو ذمہ دار ٹھہرا کر اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔
لوک سبھا میں فائنانس بل 2022 پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس کے گورو گوگوئی نے کہا کہ عوام مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ بے روزگاری بڑھ رہی ہے لیکن حکومت صرف جھوٹے وعدوں اور نعروں سے عوام کو بہلا رہی ہے۔
مسٹر گوگوئی نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بے تحاشہ بڑھ رہی ہیں۔ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں اور انتخابات ہوتے ہی قیمتیں بڑھ گئیں۔ یہ ان لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے جنہوں نے انتخابات میں بی جے پی کی حمایت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی کورونا وبا اور لاک ڈاؤن جیسے حالات کی وجہ سے مالی مشکلات کا شکار ہیں‘ اس پر مہنگائی نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے۔ حکومت کو مہنگائی کے لیے بیرونی عوامل کو مورد الزام ٹھہرانے کے بجائے اپنی پالیسیوں کا خود جائزہ لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کرپٹو کرنسی کے حوالے سے پوزیشن واضح کرنی چاہیے۔ اس میں لاکھوں افراد شامل ہیں جو اس طرح کی کرنسی کے خطرات سے لاعلم ہیں۔ حکومت کو اس حوالے سے جلد واضح پالیسی لانی چاہیے۔