نئی دہلی،25جولائی(یواین آئی)حکومت نے گاؤں اور قصبوں سے تعلق رکھنے والے ہنرمند کھلاڑیوں کی مدد کی یقین دہانی کرتے ہوئے لوک سبھا میں جمعرات کو کہا کہ اگلے سال ہونے والے ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑی امید سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
یوتھ پروگرام اور کھیلوں کے وزیر کرن ریجیجو نے وقفہ سوالات کے دوران بی جےپی کی کرن کھیر کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں اس یقین دہانی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک میں ہنرمند کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنےکےلئے پرعزم ہے اور اس کے تحت وہ گاؤں اور قصبوں کے ہنر کو صد فیصد مدد فراہم کرے گی۔
مسٹر ریجیجو نے کہا کہ حکومت کی منشا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور یہ بات اس طرح ثابت ہوتی ہے کہ کھیل کوچ کو ایک لاکھ سے دو لاکھ روپے فی ماہ تنخواہ دی جاتی تھی،لیکن آج اس کی زیادہ سے زیادہ حد ختم کردی گئی ہے اور بین الاقوامی سطح کے کوچ کےلئے حکومت 10لاکھ روپے فی ماہ تک دینے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے ایک دیگر ضمنی سوال کے جواب میں یہ اعطراف کیا کہ ریو اولمپک میں ملک کی کارکردگی بہت ہی خراب رہی تھی اور یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ’کھلو انڈیا‘جیسے پروگرام کی شروعات کرکے ملک میں کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے سال ہونے والے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے اور ہندوستانی ٹیموں میں کھلاڑیوں کی تعداد امید سے زیادہ ہوگی۔